بدھ, دسمبر 25, 2024
اشتہار

فخر پاکستان، ارشد ندیم کو کیا کیا اعزازات اور انعامات ملیں گے؟

اشتہار

حیرت انگیز

پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے فخر پاکستان ارشد ندیم نے لیے سرکاری ونجی سطح پر کئی اعزازات اور انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔

پیرس اولمپکس میں جیولن تھروور ہیرو ارشد ندیم نے نہ صرف اولمپکس کا 118 سالہ ریکارڈ توڑا بلکہ انفرادی حیثیت میں پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل بھی دلایا۔ ان کی اس شاندار کارکردگی پر حکومتی سطح پر تو اعزازات اور انعامات کا سلسلہ جاری ہے جب کہ نجی سطح پر بھی ان کے لیے انعامات کا اعلان کیا جا رہا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے ارشد ندیم کے لیے سول ایوارڈ ہلال امتیاز دینے کا اعلان کیا ہے جب کہ 14 اگست جشن آزادی کی مناسب سے ان کی خصوصی تصویر والا ’’عزم استحکام‘‘ ڈاکٹ ٹکٹ جاری کیا جا چکا ہے۔

- Advertisement -

حکومت پنجاب نے ارشد ندیم کے لیے 10 کروڑ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ٹی ایچ کیو اسپتال میاں چنوں کا نام گورنمنٹ ٹی ایچ کیو ارشد ندیم رکھ دیا گیا ہے جب کہ ان کے نام سے میاں چنوں میں اسپورٹس سٹی بھی قائم کیا جائے گا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ارشد ندیم کیلیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا جبکہ قومی ہیرو کو گورنر ہاؤس مدعو بھی کیا۔

سندھ حکومت نے قومی ہیرو کے لیے پانچ کروڑ روپے انعام، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 10 لاکھ روپے انعام جب کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ارشد ندیم کے نام سے کراچی میں اسپورٹس اکیڈمی کھولنے کا اعلان کیا۔

اے آر وائی میڈیا گروپ کے سی ای او سلمان اقبال کی جانب سے ارشد ندیم کو اے آر وائی لگونا میں لگژری فلیٹ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن نے 50 ہزار امریکی ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔ میئر سکھر ارسلان شیخ نے ارشد ندیم کو سونے کا تاج پہنانے اور شہر میں قائم ہونے والے اسپورٹس اسٹیڈیم کا نام ’ارشد ندیم اسپورٹس اسٹیڈیم‘ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ان کے علاوہ نجی بینک یو بی ایل نے 50 لاکھ روپے نقد، کراچی الیکٹرک نے 20 لاکھ روپے، کرکٹر احمد شہزاد نے 10 لاکھ، پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین اور سماجی شخصیت علی شیخانی نے ابتدائی طور پر اولمپیئن کو ایک نئی آلٹو کار کا تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان گیس اینڈ آئل نے زندگی بھر کیلئے مفت پیٹرول دینے کا اعلان کر دیا ہے جب کہ کراچی پریس کلب کی جانب سے ارشد ندیم کو تاحیات ممبر شپ دی جائے گی۔

واضح رہے کہ اولمپکس گیمز میں پاکستان نے اپنا آخری مرتبہ 8 اگست 1992 میں کانسی کے تمغے کے ساتھ ہاکی ایونٹ میں حاصل کیا تھا جبکہ آخری گولڈ میڈل بھی ہاکی کی ہی بدولت 1984 میں حاصل ہوا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں