پیر, فروری 3, 2025
اشتہار

77 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، ملک بھر میں شاندار آتش بازی

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کا 77 ویں جشن آزادی آج ملک بھر میں ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، 12 بجتے ہی مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

جشن آزادی کے موقع پر رات 12 بجتے ہی منچلے سڑکوں پر نکل آئے، کراچی، لاہور، پشاور سمیت مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کرکے 14 اگست کا استقبال کیا گیا، شہریوں نے اپنے گلی محلوں کو سبز ہلالی پرچم سے سجایا ہوا ہے، سرکاری دفاتر پر رنگ برنگی لائٹس اور سبز ہلالی پرچم لگائے گئے ہیں۔

مختلف شہروں میں چوک اور چوراہوں پر چراغاں کیا جارہا ہے جبکہ سبز ہلالی پرچم سے انھیں سجایا گیا ہے، کراچی میں لوگوں کی بڑی تعداد ساحل سمندر پہنچ چکی ہے جبکہ لاہور کے مینار پاکستان گریٹر اقبال پارک میں بھی جشن آزادی پر محفل موسیقی کا پروگرام رکھا گیا۔

وطن عزیز کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ کا انعقاد کیا گیا، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیرتقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس کی جانب سے مخصوص انداز میں ڈرل پریڈ کی مہارت کا مظاہرہ کیا گیا، پاک سرزمین اور مادروطن کے شہدا کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

گورنر ہاؤس سندھ میں ’’فرد نہیں قوم ہیں ہم‘‘ کے عنوان سے تقریب رکھی گئی جبکہ گورنر ہاؤس کو رنگ برنگی لائٹوں اور پرچموں سے سجا دیاگیا، گورنر ہاؤس میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا، جشن آزادی کی خوشی میں گورنر ہاؤس میں ایک ہزار پاؤنڈ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

کراچی میں یو اے ای قونصلیٹ میں بھی جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، مختلف شخصیات کو اعلیٰ کارکردگی کے ایوارڈز اور سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے گئے، تقریب میں آصفہ بھٹو زرداری اور فریال تالپور نے بھی شرکت کی۔

پشاور میں گورنر ہاؤس میں آزادی نائٹ میوزک تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شرکت کی جبکہ گورنر ہاؤس میں 12 بجے آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جشن آزادی کے موقع پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، شہر میں فٹ بال گراؤنڈ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آتش بازی کی گئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں