واشنگٹن : ترجمان پینٹاگون میجر جنرل پیٹرک رائیڈر نے کہا ہے کہ افغانستان سے دہشت گردی کے خطرات پر ہم گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، داعش بڑا خطرہ بنی ہوئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے خطے میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔
افغانستان میں داعش اور القاعدہ کے خطرات کے سوالات پر ترجمان پینٹاگون نے کہا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خطرات پر ہم گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مختلف دہشت گرد گروہ موجود ہیں جن میں داعش بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ داعش ایک بڑا خطرہ بنی ہوئی ہے، ہم دنیا بھر میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر داعش کے خطرے سے نمٹنے کیلئے کام جاری رکھیں گے۔
نمائندہ اے آر وائی کی جانب سے ہوچھے گئے سوال پر کہ کیا افغانستان میں القاعدہ کے موجودگی پر امریکا کو تشویش ہے؟ کے سوال پر ترجمان پینٹاگون پیٹرک رائیڈر نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں القاعدہ کمزور ہوئی مگر ختم نہیں ہوئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ داعش اور القاعدہ اور دیگر گروہ امریکا، اتحادیوں اور شراکت داروں کیلئے ایک ممکنہ سیکیورٹی خطرہ ہیں، جس سے نمٹنے پر پوری توجہ مرکوز رکھیں گے۔