کراچی: پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد کی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر اعزازی گارڈ کے فرائض کی ذمہ داری سنبھال لی، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس ہر سال 14 اگست کو یہ ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔
کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ پریڈ کمانڈر کے فرائض لیفٹیننٹ کمانڈر احمد حسن تمغہ بسالت نے سر انجام دیئے۔
بانی پاکستان قائد اعظم کے مزار پر اعزازی گارڈز میں دو دستے شامل ہیں، اعزازی گارڈز ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز پر مشتمل ہے، جبکہ دوسرا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔
آج جشن آزادی کے موقع پر جب دن کا آغاز ہوا تو وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔
پاکستان کی آزادی کے77 برس مکمل ہونے پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں کی جانب سے دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔
اس موقع پر پاک فوج کے دستے کی جانب سے نعرہ تکبیر، اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے بھی بُلند کئے گئے، یہ توپوں کی سلامی اس بات کی غمازی کرتی ہیں کہ”ہم ایک با حوصلہ قوم ہیں اور وقت آنے پر نا صرف سینہ سپر بلکہ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے بھی ہمہ وقت تیار ہیں“۔
ملک بھر کی مساجد میں پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلئے قرآن خوانی اور دعاؤں کااہتمام کیا جارہا ہے، نماز فجر کے وقت ملک بھر میں امن واستحکام، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کی گئیں۔
صدر مملکت اور وزیر اعظم کا پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی پر پیغام
تحریک آزادی پاکستان کے شہدا کیلئے قرآن خوانی کااہتمام کیا گیا جن کے طفیل یہ حسین خطہ ارض بہ فضلِ خداوندِ متعال ہمیں نصیب ہوا،اس موقع پر شہدائے تحریک پاکستان کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، وطن عزیز کی سالمیت کیلئے قیمتی جانوں کا نذرا نہ پیش کرنے والوں سے بھی اظہار یکجہتی کی گئی۔