اتوار, جنوری 12, 2025
اشتہار

وزیر اعلیٰ سندھ نے ارشد ندیم کو 5 کروڑ روپے انعام دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

وزیر اعلیٰ سندھ سے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ملاقات کی اس موقع پر مراد علی شاہ نے انہیں 5 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنے والے جیولن ہیرو ارشد ندیم صوبائی وزیر ناصر شاہ کے ہمراہ وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے لیکن انہوں نے اجلاس سے وقفہ کرکے ارشد ندیم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دیگر وزرا بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے ارشد ندیم کو 5 کروڑ روپے کا چیک انعام میں دیا جب کہ خصوصی شیلڈ کے ساتھ سندھی کی ثقافت اجرک اور ٹوپی کے تحائف پیش کیے جب کہ کھلاڑی کے کوچ کے لیے بھی 50 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔

- Advertisement -

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کراچی کی ایک سڑک کا نام ارشد ندیم رکھنے، میئر کراچی اور ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب نے ان کے نام پر اکیڈمی قائم کرنے کے اعلانات کیے۔ وزیر کھیل سندھ محمد بخش مہر نے بھی اپنی طرف سے ایتھلیٹ کو چیک پیش کیا جب کہ انڈس موٹرز کے سی ای او علی اصغر جمالی نے انہیں گاڑی دینے کا اعلان کیا جس پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے کہا کہ ارشد ندیم کو گاڑی کی رجسٹریشن کے لیے جو نمبر چاہیے وہ الاٹ ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ارشد ندیم کو چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی چیئرمین نے کہا ہے کہ آپ کو اگلے اولمپکس کی بھی ابھی سے تیاری کرنی ہے۔ ہماری آبادی 24 کروڑ ہے اور کم از کم 24 گولڈ میڈل ہونے چاہئیں۔

انہوں نے جیولن ہیرو کو سندھ حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ صرف ایک فون کال کریں، میں آپ سے بات کروں گا۔

اس موقع پر گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا کہ مجھے یہاں آکر اور وزیراعلیٰ سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ پیرس میں گولڈ میڈل ملنے سے قبل وزیراعلیٰ سندھ نے کال کر کے مبارک باد دی تھی۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ارشد ندیم کو وزیراعلیٰ ہاؤس آنے کی دعوت دی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں