اتوار, جون 29, 2025
اشتہار

ممبئی کے اسکول میں نرسری کی 2 بچیوں کے ساتھ زیادتی کا خوفناک واقعہ پیش آ گیا

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی: بھارت میں درندگی عروج پر پہنچ گئی، مودی سرکار وحشی درندوں کو لگام نہ ڈال سکی، کولکتہ اسپتال میں ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعے کے بعد ممبئی کے اسکول میں نرسری کی 2 بچیوں کے ساتھ زیادتی کا خوفناک واقعہ پیش آ گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کے ضلع تھانے میں ایک اسکول کی پری پرائمری کلاسوں میں پڑھنے والی دو 3 اور 4 سالہ بچیوں کو لڑکیوں کے بیت الخلا میں صفائی کرنے والے ایک مرد ملازم نے مبینہ طور پر ہوس کا نشانہ بنایا۔

پولیس نے 23 سالہ خاکروب کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے، تاہم اس کیس میں بھی پولیس نے بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 دن بعد مقدمہ درج کیا، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ پولیس ملزم کے خلاف سخت کارروائی نہیں کر رہی ہے۔

واقعے کے خلاف مظاہرین کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور بدلہ پور ریلوے اسٹیشن پر دھرنا دے دیا، مختلف شہروں میں بھی واقعے کے بعد احتجاج شروع ہو گیا ہے۔

یہ واقعہ مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے آبائی ضلع کے علاقے بدلاپور میں 12 یا 13 اگست کو پیش آیا ہے، رپورٹس کے مطابق بچیوں نے بتایا تھا کہ اسکول کے ملازم لڑکے نے انھیں واش روم لے جا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ایک لڑکی نے اپنے گھر والوں کو واقعے سے متعلق بتایا۔

دوسری لڑکی کے گھر والوں کو بھی جب واقعے سے متعلق معلوم ہوا تو انھوں نے کہا کہ ان کی بچی چند دنوں سے اسکول جانے سے خوف زدہ رہنے لگی ہے، شک ہونے پر گھر والوں نے دونوں بچیوں کا ایک پرائیویٹ ڈاکٹر سے میڈیکل کروایا جس پر انھیں معلوم ہوا کہ لڑکیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی ہے۔

مہاراشٹرا کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کیس کو تیز رفتاری سے چلانے کی یقین دہانی کرائی، انھوں نے مزید کہا کہ اس کیس کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم پہلے ہی تشکیل دے دی گئی ہے۔

عدالت نے ملزم اکشے شندے کو تین دن کے لیے پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے، لڑکیوں کے والدین نے جمعہ کی رات شکایت درج کرائی تھی، جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تحقیقات کے دوران اسکول انتظامیہ نے پولیس کو بتایا کہ واقعے کے دن سی سی ٹی وی کیمرے کام نہیں کر رہے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں