سکھر: صحافی جان محمد مہر کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم شیرومہر کے سہولت کار کو گرفتارکرلیا گیا، گرفتارملزم قاتل کو کچے میں سہولیات فراہم کرتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی روہڑی سید مشتاق شاہ نے سائیٹ تھانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا شہید جان محمد مہر قتل کیس کے مرکزی ملزم شیرو مہر کے اہم سہولت کار غلام صفدر کو گرفتار کرلیا گیا ہے.
سید مشتاق شاہ کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم مرکزی قاتل شیرو مہر کو کچے میں کھانے پینے کی اشیاء سمیت تمام سہولیات فراہم کرتا تھا ، ملزم کو ٹیکنکل شواہد کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی روہڑی نے کہا کہ ملزم کی گرفتاری سے مرکزی قاتل شیرو مہر کی گرفتاری کے جلد امکان ہیں، شیرو مہر کچے میں انعام یافتہ ڈاکو نصرو قادرانی کے پاس منتقل ہوگیا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ شیرو مہر نصر قادرانی کا موبائل فون استعمال کر رہا ہے جبکہ صفدر سومرو نصر قادرانی اور شیرل دونوں کا سہولت کار ہے اور ملزم نے گرفتاری کے بعد شیرو مہر اور ڈاکو نصر قادرانی کی سہولت کاری کا اعتراف کیا ہے۔
سی ڈی آر ریکارڈ کے مطابق 20 روز میں 228 دفعہ صفدر سومرو اور نصر قادرانی کا موبائل فون پر رابطہ ہوا ہے تاہم گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ سائیٹ ایریا میں سہولت کاری کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ڈی ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ کھانے پینے کی رسد بند ہونے پر کچے میں روپوش شیرو مہر اور ڈاکو نصر قادرانی پریشان ہیں، شہید جان محمد قتل کیس میں سہولتکار صفدر سومرو کی گرفتاری انتہائی اہم ہے۔