بھارت جو امیر ترین بورڈ ہونے کے باعث خود کو کرکٹنگ ممالک میں سب سے طاقتور گردانتا ہے اس کا عالمی کرکٹ پر قبضے کا منصوبہ بے نقاب ہو گیا۔
بھارت کے عالمی کرکٹ پر قبضے کا منصوبے کا بھانڈا آسٹریلوی اخبار نے پھوڑا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے موجودہ سیکریٹری جے شاہ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔
آسٹریلوی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ جے شاہ نے آئی سی سی کے موجودہ صدر گریگ بارکلے کو مستعفی ہونے پر مجبور کر رہے ہیں، جب کہ بھارتی براڈ کاسٹر ٹی وی رائٹس کی رقم بھی کم کرنا چاہتا ہے۔
خبر میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ حال ہی میں امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو بھارتی براڈ کاسٹر نے انڈیا منتقل کرنےکی کوشش بھی کی تھی۔
آسٹریلوی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ یہ صورتحال خود آئی سی سی حکام کے لیے بھی باعث تشویش ہے اور اس حوالے سے انہوں نے ویڈیو کانفرنس بھی کی ہے۔
اس حوالے سے اے آر وائی کے نمائندہ خصوصی نے بتایا کہ بھارت جو پہلے ہی پیسے کے بل بوتے پر بین الاقوامی کرکٹ پر اثر ورسوخ رکھتا ہے اب وہ مکمل قبضے کا خواہشمند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جے شاہ کی کوشش ہے کہ وہ اگلے آئی سی سی صدر بن جائیں اگر ایسا ہوا تو اس سے دیگر بالخصوص مالی طور پر کمزور کرکٹنگ ممالک کو بہت اثر پڑے گا جبکہ پاکستان کی کرکٹ کو بھی نقصان ہوگا۔
شاہد ہاشمی نے بتایا کہ اگر جے شاہ آئی سی سی صدر بنے تو آئندہ برس پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی شرکت خطرے میں پڑ جائے گی جب کہ آئی سی سی کا ہیڈ کوارٹر بھی وہ دبئی سے بھارت منتقل کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بھارتی براڈ کاسٹر جس نے آئندہ چار سال کے لیے تین بلین ڈالر کا نشریاتی حقوق کا معاہدہ کیا ہے، اب وہ بھی اس معاہدے کو کم کرا کے نصف کرانا چاہتا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو علاوہ بھارت دیگر ممالک کی فنڈنگ میں کمی آئے گی جس سے وہاں کرکٹ کو نقصان ہوگا۔