لاہور : پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا، جس میں استدعا کی دفعہ ایک سو چوالیس کےنفاذ کو کالعدم قرار دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کی گئی۔
درخواست میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کو جلسےسےروکنےکیلئے دفعہ ایک سو چوالیس لگائی، تین دن کیلئے لگائی دفعہ کا نفاذ سیاسی مقاصد کیلئے ہے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ دفعہ ایک سو چوالیس کا نفاذ آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق کےمنافی ہے، استدعا ہے پنجاب میں دفعہ ایک سو چوالیس کے نفاذ کو کالعدم قراردیاجائے۔
یاد رہے حکومت پنجاب نے صوبے میں تین روز کے لیے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کرتے ہوئے جلوس، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی عائد کردی ہے، جس کا اطلاق آج یعنی بائیس اگست سے چوبیس اگست تک ہوگا۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کی گئی ہے، پابندی کا اطلاق دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے۔