کراچی میں سپر ہائی وے سبزی منڈی یو ٹرن کے قریب بس اور مزدا ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق شخص کی شناخت عطااللہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں علی محمد اور داود شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق مسافر بس کراچی سے سکھر جارہی تھی، بس مسافروں سے بھری ہوئی تھی، حادثہ ٹرک کے رانگ وے آنے کے باعث پیش آیا۔جاں بحق اور زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب سکھر ملتان موٹروے پر تیز رفتار کار اور ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ سکھر ملتان موٹر وے ایم فائیو پر دادلو کے قریب پیش آیا جہاں ملتان جانے والی کار تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر ٹرک سے ٹکرا گئی۔