وزیراعظم شہباز شریف سے اسکواش کے لیجنڈری کھلاڑی جان شیر خان نے ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے علاج کے لیے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے سابق مایہ ناز اسکواش کھلاڑی جان شیر خان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے جان شیر خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنے کھیل کے ذریعے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا۔ ملک میں اسکواش کے کھیل کومقبول بنانے اور اس کےفروغ کے لیے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم کو آپ کی کامیابیوں پر فخر ہے۔ حکومت ملک میں اسکواش سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کیلئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے، نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان اور اسپورٹس کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو جان شیر خان کے علاج معالجہ کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
اسکواش لیجنڈ جان شیر خان نے کہا کہ میں وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نےتعاون کا یقین دلایا ہے، اس ملک کے لیے میری خدمات کا اعتراف وزیر اعظم کا ویژن ہے.