تحریک انصاف نے ہر صورت 8 ستمبر کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی کورکمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی بھی صورت میں 8 سمتبر کو اسلام آباد میں جلسہ کیا جائے گا جس کے انتظامات کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
تحریک انصاف نے 15 ستمبر لاہور کا جلسہ عید میلاد النبی ﷺ کے باعث ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور نئی تاریخ 22 سمتبر رکھی گئی ہے۔ تحریک انصاف 15 ستمبر کو ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کی تقاریب منعقد کرے گی۔
کور کمیٹی کو بانی پی ٹی آئی کے قانونی کیسز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ اگلے ہفتے 12 کیسز پر ضمانت پر کیس کی سماعت ہو گی۔
کور کمیٹی نے بلوچستان کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان کے حالات کو سنجیدگی سے کنٹرول نہیں کر رہی۔
بانی تحریک انصاف کے ساتھ جیل انتظامیہ کے رویے کی شدید مذمت کی گئی۔