کولکتہ: بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں جونئیر ڈاکٹرز نے خاتون ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور قتل کیس میں انصاف نہ ملنے پر دھرنا دے دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کولکتہ میں جونیئرز ڈاکٹرز نے پولیس کے خلاف دھرنا دے دیا ہے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ پولیس کمشنر نے زیادتی کیس میں شواہد کا غلط استعمال کیا۔
کولکتہ میں خاتون ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی کے بعد اس کے قتل کو تین ہفتے ہو گئے ہیں لیکن اب تک انصاف نہیں مل سکا، جونئیر ڈاکٹرز نے انصاف نہ ملنے پر پولیس اسٹیشن پر دھرنا دے دیا ہے اور سڑک بند کر دی۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ پولیس کمشنر نے زیادتی کیس میں شواہد کا غلط استعمال کیا اور معاملے میں تاخیر کی، ڈاکٹروں نے مطالبہ کیا ہے کہ جب تک پولیس کمشنر اپنی وضاحت دینے نہیں آئیں گے، دھرنا جاری رہے گا۔
یاد رہے کہ 9 اگست کو سرکاری اسپتال میں ایک خاتون ٹرینی ڈاکٹر کو زیادتی کا نشانہ بنا کر بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد بھارت بھر میں ڈاکٹرز کا احتجاج جاری ہے۔