منگل, فروری 25, 2025
اشتہار

عدالت نے علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق علی امین گنڈاپور کے خلاف شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں وکیل ظہور الحسن جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کی عدالت میں پیش ہوئے، جج نے علی امین گنڈاپور کے وکیل کی یقین دہانی پر وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔

وکیل ظہور الحسن نے کہا کہ عدالت نے کہا کہ وارنٹ منسوخی کے لیے درخواست دائر کریں لیکن ابھی تحریری آرڈر نہیں آیا ہے، جب کہ نظر ثانی درخواست پر عدالت نے کہا ہے کہ ٹرائل کورٹ کے پاس احتیار ہے کہ وارنٹ منسوخ کرے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے کہا کہ چلیں پھر آپ درخواست دیں مجھے مطمئن کریں کہ کیوں وارنٹ منسوخ کروں، وکیل نے کہا پشاور ہائی کورٹ نے علی امین گنڈاپور کو تحفظ دیا ہے کہ اسلام آباد پولیس انھیں گرفتار نہ کرے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے استفسار کیا کہ آپ یہ چاہتے ہیں کہ عدالت کوئی بھی گارنٹی لے لے کہ ملزم پیش ہوں گے اور وارنٹ منسوخ کرے، اگر اگلی تاریخ دی جائے تو کب ملزم کو پیش کریں گے؟

وکیل نے کہا میں حلف نامہ نہیں دیتا لیکن 21 ستمبر کو انسداد دہشت گردی عدالت میں بھی کیس ہے، 21 کو پیش ہو جائیں گے۔ مجسٹریٹ نے کہا کوئی جیالا لائیں جو ضمانت دے کہ علی امین گنڈاپور کو پیش کرے گا، لیکن ضمانت دینے والا اسلام آباد کا ہو اور شخصی ضمانت دے۔

جج شائستہ کنڈی نے کہا کہ نظر ثانی درخواست میں ڈائریکشن آئی ہے کہ بریت کی درخواست پر فیصلہ کیا جائے، آئندہ سماعت پر بریت کی درخواست کو سن کر فیصلہ کروں گی۔

اہم ترین

مزید خبریں