دنیائے کرکٹ میں بریڈمین اور اسکے بعد ٹنڈولکر کو بڑے کھلاڑی شمار کیا جاتا ہے لیکن انگلش ٹیم کے کپتان سے ایسا ریکارڈ بنایا جو یہ تاریخ ساز بلے باز بھی نہ بنا سکے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مڈل آرڈر بلے باز اولی پوپ نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کر کے یہ ریکارڈ بنایا۔
اولی پوپ نے اوول گراؤنڈ میں سری لنکا کے خلاف بطور کپتان پہلی سنچری بنائی لیکن یہ ان کی ساتویں ٹیسٹ سنچری ہے۔ انہوں نے 154 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، جس کے ساتھ ہی ایک منفرد اور دلچسپ ریکارڈ ان کے نام سے ساتھ جڑ گیا ہے۔
انگلش بیٹر نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں اب تک ساتوں سنچریاں، 7 مختلف ممالک کے خلاف بنائی ہیں۔ ان میں سری لنکا کے علاوہ بھارت، پاکستان، جنوبی افریقہ، آئرلینڈ، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔
اس سے قبل دنیا کے کسی بھی بلے باز نے اپنی ابتدائی سات سنچریاں مختلف ممالک کے خلاف نہیں بنائی ہیں۔
تاہم اولی پوپ اب تک روایتی ایشز حریف آسٹریلیا کے خلاف تین ہندسوں سے سجی اننگ نہیں کھیل سکے ہیں۔
واضح رہے کہ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچز جیت کر سیریز میں نا قابل شکست برتری لے چکا ہے۔
تیسرے میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف پہلی اننگ میں 62 رنز کی برتری لینے کے باوجود مہمان ٹیم کو بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی اور دوسری اننگ میں پوری ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
سری لنکا کو جیت کے لیے 219 رنز کا ہدف ملا اور اس نے دو وکٹوں کے نقصان پر 102 رنز بنا لیے ہیں۔ اسے جیت کے لیے 107 رنز درکار ہیں جب کہ 8 وکٹیں باقی ہیں۔