اتوار, مئی 18, 2025
اشتہار

سندھ سیلاب متاثرین کی امداد میں کروڑوں کی خُرد بُرد کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

سندھ میں دو سال قبل 2022 میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کی امداد میں کروڑوں روپے کی خُرد بُرد کا انکشاف ہوا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ میں 2022 میں آنے والے تباہ کن سیلاب میں متاثرین کے لیے خریدے گئے راشن میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی گئی ہے اور یہ انکشاف جاری ہونے والی آڈٹ رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پراونشل ڈیزاسٹر اتھارٹی سندھ میں سیلاب متاثرین کے راشن میں کرپشن ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق سیلاب متاثرین کے لیے 5 ارب 70 کروڑ روپے کا راشن خریدا گیا اور متاثرین کے لیے 17 لاکھ 25 ہزار راشن بیگ بنوائے گئے۔

آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جولائی سے اگست 2022 تک پہلے مرحلے میں 9 ہزار روپے فی راشن بیگ خریدا گیا جب کہ ستمبر سے اکتوبر تک دوسرے مرحلے میں 3300 سے 3600 روپے کا فی بیگ خریدا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ راشن تقسیم میں 10 کروڑ 70 لاکھ روپے کی خُرد بُرد کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں میں سال 2022 میں آنے والا سیلاب تاریخ کے چند تباہ کن سیلابوں میں سے ایک تھا جس نے ایک تہائی ملک کو پانی برد کر دیا تھا تاہم سب سے زیادہ تباہی صوبہ سندھ میں ہوئی تھی۔

اس سیلاب میں سینکڑوں قیمتی جانیں ضائع، ہزاروں کچے وپکے مکانات تباہ، لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ اور معاشی طور پر اربوں روپے کا نقصان ہوا تھا۔

اس وقت دنیا بھر سے پاکستان بالخصوص سندھ کے سیلاب متاثرین کے لیے امداد بھیجی گئی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں