پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختو نخوا علی امین گنڈاپور کا موبائل فون آن ہوگیا, وہ 7 گھنٹے بعد منظر عام پر آئے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے قائدین وزیراعلیٰ خیبرپختو نخوا علی امین گنڈا پور کی غیر حاضری اور ان سے متعلق خبروں کے حوالے سے کافی فکر مند تھے تاہم اب ان کو اچھی خبر مل گئی۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی ایم این اے شاہد خٹک نے ایکس پر شیئر کیے گئے پیغام میں کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور واپس پہنچ گئے ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختو نخوا علی امین گنڈاپور کا موبائل فون آن ہوگیا ہے اور انہوں نے اپنی سیکیورٹی بھی طلب کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پورکے سیکیورٹی اہلکار ان کے پاس پہنچ گئے ہیں، یاد رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور 7گھنٹے کے بعد منظر عام پر آئے ہیں۔
اس حوالے سے نمائندہ اے آر وائی نیوز نے بتایا کہ وہ کسی میٹنگ تھے جہاں موبائل جیمرز لگے ہوئے تھے جس وجہ سے ان سے رابطہ نہیں ہو پارہا تھا۔
وہ جس مقام پر گئے وہاں انکی سیکیورٹی بھی نہیں گئی تھی تاہم اب انہون نے اپنی سیکورٹی کو طلب کرلیا اور وہاں سے روانہ ہوگئے ہیں
اس بات کی تصدیق وزیر اعلیٰ کے پی کے ترجمان فراز مغل، ان کے بھائی فیصل الامین گنڈا پور اور پی ٹی آئی ایم این اے شاہد خٹک نے بھی کی ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پشاور وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے ہیں، اس حوالے سے وزیراعلیٰ کے پی کے بھائی فیصل امین نے ان کے پشاور پہنچنے کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور اسلام آباد میں ایک طویل میٹنگ میں مصروف تھے۔