جمعہ, اکتوبر 18, 2024
اشتہار

یوکرین نے ماسکو پر اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ کر دیا

اشتہار

حیرت انگیز

ماسکو: یوکرین نے منگل کے روز روسی دارالحکومت ماسکو کو اپنے اب تک کے سب سے بڑے ڈرون حملے کا نشانہ بنایا، جس میں مختلف علاقوں پر 144 ڈرون حملے کیے گئے۔

روئٹرز کے مطابق ماسکو کے علاقے میں بڑے یوکرینی ڈرون حملے میں کم از کم ایک خاتون ہلاک اور درجنوں مکانات تباہ ہو گئے، اور 50 کے قریب پروازوں کو ماسکو کے ارد گرد کے ایئرپورٹس سے ہٹانا پڑا۔

دنیا کی سب سے بڑی ایٹمی طاقت روس نے کہا کہ اس نے ماسکو کے علاقے میں کم از کم 20 حملہ آور ڈرون تباہ کیے، جب کہ 8 دیگر علاقوں میں 124 ڈرون حملے کیے گئے۔ روسی حکام نے بتایا کہ ماسکو کے چار میں سے 3 ایئرپورٹس 6 گھنٹوں سے زیادہ وقت کے لیے بند رہے اور تقریباً پچاس پروازوں کا رخ موڑا گیا۔

- Advertisement -

کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ اس ڈرون حملے سے ثابت ہوتا ہے کہ یوکرین کی سیاسی قیادت کی سوچ روس دشمنی پر تعمیر ہوئی ہے، ایسا کوئی طریقہ نہیں ہے کہ رہائشی محلوں پر رات کے وقت ہونے والے حملوں کو فوجی کارروائی سے جوڑا جائے۔

دمتری پیسکوف نے کہا کہ کیف حکومت نے اپنی فطرت کا مظاہرہ جاری رکھا ہوا ہے، وہ ہمارے دشمن ہیں اور ہمیں ایسی کارروائیوں سے خود کو بچانے کے لیے خصوصی فوجی آپریشن جاری رکھنا چاہیے۔

دوسری طرف کیف نے اپنے دعوے میں کہا ہے کہ روس نے اس پر راتوں رات 46 ڈرونز سے حملہ کیا تھا، جن میں سے 38 کو تباہ کر دیا گیا۔ روس پر ہونے والے ڈرون حملوں سے ماسکو کے علاقے رامینسکوئے میں بلند و بالا رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا، اور فلیٹوں کو آگ لگ گئی۔

ماسکو کے علاقائی گورنر آندرے ووروبیوف نے بتایا کہ رامینسکوئے میں ایک 46 سالہ خاتون ہلاک اور تین افراد زخمی ہوئے۔ رہائشیوں نے بتایا کہ وہ دھماکوں کی آواز سے بیدار ہوئے۔ ضلع کے ایک رہائشی الیگزینڈر لی نے روئٹرز کو بتایا کہ اس نے کھڑکی سے باہر آگ کا ایک گولہ دیکھا اور پھر ایک زبردست جھٹکا آیا اور کھڑکی اڑ گئی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں