کراچی : گولیمار کی لیاری ندی میں8سال کے بچے کے گرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، اندھیرے کے باعث تلاش کا عمل روک دیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ بچے کی شناخت 8سالہ حیدر کے نام سے ہوئی ہے۔
نالے میں بچے کے گرنے کی اطلاع ملنے پر علاقہ مکین بڑی تعداد میں جمع ہوگئے اور بچے کی تلاش شروع کردی گئی تاہم ریسکیو اہلکاروں نے ہر ممکن کوشش کی لیکن لاپتہ بچے کو تاحال تلاش نہیں کیا جاسکا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ رات کی تاریکی کے باعث ریسکیو آپریشن روک دیا گیا ہے، نالے میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے اور کچرے کے باعث کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ریسکیو کی غوطہ خور ٹیم نے رات ایک بجے تک بچے کی تلاش کا آپریشن جاری رکھا، ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں، تلاش کیلئے آپریشن صبح دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کراچی میں آئے روز بچوں کے نالوں اور گٹروں میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں لیکن متعلقہ حکام اور ادارے روایتی بیانات اور اقدامات پر ہی اکتفا کرتے ہوئے اگلے حادثے کی خبر انتظار کرتے ہیں۔
گزشتہ ہفتے سہراب گوٹھ لیاری ندی میں2سال کے بچے کے گرنے کا واقعہ پیش آیا جبکہ رواں سال مارچ کے دوران گلشن اقبال 13 ڈی میں چھ سالہ بچہ ابیہان اور شاہ لطیف ٹاؤن میں تین سالہ بچہ محسن گٹر میں گِر کر ہلاک ہوا۔