فیصل آباد: چیمپئنز ون ڈے کپ کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی، ایونٹ کا آغاز کل سے ہوگا۔
چیمپئنز ون ڈے کپ کی ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر کپتانوں اور مینٹورز نے ٹرافی سے پردہ اٹھایا اور تصاویر بھی بنوائیں، افتتاحی میچ محمد رضوان کی یو ایم ٹی مارخورز اور شاداب خان کی پینتھرز کے درمیان کل کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کا فائنل 29 ستمبر کو کھیلا جائے گا جبکہ فاتح ٹیم کو تین کروڑ اور رنر اپ کو ڈیڑھ کروڑ کی انعامی رقم دی جائے گی۔
View this post on Instagram
قومی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن بھی ٹورنامنٹ کے دوران موجود ہوں گے۔
سابق کپتان اور موجودہ لائنز کے مینٹور وقار یونس کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو لایا گیا ہے۔
وقار یونس نے کہا کہ مصباح الحق، ثقلین مشتاق اور میں نے انٹرنیشنل سطح پر کوچنگ کی ہے، پہلا موقع ہے ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے یہ ٹورنامنٹ ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ہے کہ دنیا بھر میں کرکٹ میں ملنے والی سہولتوں کو اپنے نوجوان کھلاڑیوں کو فراہم کریں۔
View this post on Instagram
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد ہے گراس روٹ لیول سے پلیئرز پر کام ہو اور خلا دور ہو، فرینڈلی کرکٹ کھیلنی ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ شائقین بڑی تعداد میں گراؤنڈ میں آئیں گے، امید کرتے ہیں لوگوں کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔