گزشتہ سال ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کی ٹرافی تو بھارت نہ جیت سکا مگر میگا ایونٹ کی میزبانی سے اس کا خزانہ ضرور بھر گیا۔
آئی سی سی نے گزشتہ سال بھارت کی میزبانی میں ہونے والے مینز ون ڈے ورلڈ کپ سے ہونے والی آمدنی کے اعداد وشمار جاری کیے ہیں، جس کے مطابق بھارت کو اس میگا ایونٹ سے ایک ارب 39 کروڑ ڈالرز کی آمدنی ہوئی یعنی بھارتی کرنسی میں اس کے خزانے میں 11 ہزار 637 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔
آئی سی سی کیلیے نیلسن کی جانب سے کیے گئے اقتصادی جائزے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کمائی کے لحاظ سے گزشتہ سال اکتوبر، نومبر میں بھارت میں منعقد ہونے والا میگا ایونٹ اب تک کا سب سے بڑا ون ڈے ورلڈ کپ تھا۔
جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صرف بیرون اور اندرون ملک سے آنے والے شائقین کی نقل و حرکت، کھانے پینے اور ان کی رہائش سے 861.4 ملین امریکی ڈالرز کمایا گیا۔ اس کے علاوہ دیگر اخراجات میں انڈین معیشت کو 515.7 ملین ڈالر کا فائدہ ہوا۔
رپورٹ میں یہ بتایا گیا ہے کہ ایک کروڑ 25 لاکھ سے زائد کرکٹ شائقین نے ورلڈ کپ میں شرکت کی اور ان میں سے 75 فیصد تعداد ایسے شائقین کی تھی جو پہلی مرتبہ 50 اوورز کا ورلڈ کپ دیکھنے آئے تھے۔
غیر ملکی شائقین میں سے 19 فیصد ایسے شائقین کی تھی جنہوں نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کی وجہ سے انڈیا کا رخ کیا، تاہم 55 فیصد ورلڈ کپ سے پہلے بھی انڈیا کا دورہ کر چکے تھے۔
بیرون ملک سے آنے والے شائقین نے صرف ورلڈ کپ کے میچ ہی نہیں دیکھے بلکہ انہوں نے کئی سارے سیاحتی مقامات کا بھی دورہ کیا، جس کی وجہ سے انڈیا کی معیشت کو 281.2 ملین ڈالر کا فائدہ ہوا۔
آئی سی سی ورلڈ کپ کی وجہ سے انڈیا میں ہوٹلنگ اور دوسرے شعبوں میں براہ راست طور پر 48 ہزار نوکریاں پیدا پوئیں جس کی وجہ سے انڈیا کی معیشت کو 18ملین ڈالر کا فائدہ ہوا۔
اس کے علاوہ مختلف ٹیموں کی تشہیر کے لیے بنائے جانے والے اشتہاروں، ٹیم کٹس (کھیل کی وریاں)، بل بورڈز اور میڈیا مہم کی وجہ سے 70.7 ملین ڈالر کا فائدہ ہوا۔
واضح رہے کہ مذکورہ ایونٹ میں میزبان ٹیم بھارت ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل میں پہنچی تھی تاہم یہاں اسے کینگروز سے شکست ہوئی تھی اور آسٹریلوی ٹیم نے ریکارڈ چھٹی بار ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔