انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئندہ سال فروری مارچ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی کرائے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف ایلارڈائس نے واضح طور پر کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی پاکستان سے منتقلی سے متعلق کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے اور نہ ہی کسی بھی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں کھیلنے سے انکار کیا ہے۔
دبئی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے وہ آئی سی سی ایونٹس کے کامیاب انعقاد کے لیے پاکستان سمیت تمام رکن ممالک کے دورے کرتے ہیں اور تمام ٹیمیں پاکستان میں کھیلنے کے لیے پُر عزم ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ سال فروری، مارچ میں ہوگی۔ پاکستان اس شوپیس ایونٹ کا میزبان ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھی ہے۔
2017 میں آخری بار کھیلے گئے اس آئی سی سی ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو ہرا کر پہلی بار یہ ٹائٹل جیتا تھا۔ چیمپئینز ٹرافی 2025 میں 8 ٹیمیں شریک ہوں گی جس میں بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، جنوبی افریقا، بنگلا دیش اور افغانستان شامل ہیں۔
یہ ٹورنامنٹ پاکستان کے تین شہروں کراچی، لاہور اور پنڈی میں کھیلا جائے گا جس کے لیے تینوں اسٹیڈیمز کی تزئین وآرائش کا کام تیزی سے جاری ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لینے آئی سی سی کا پانچ سے 6 رکنی وفد چند روز میں پاکستان کا دورہ کرے گا اور مذکورہ وینیوز کا دورہ کرے گا۔
اس وفد میں آئی سی سی کے مختلف شعبوں کے سربراہان اور نمائندے شامل ہوں گے جو ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے پریکٹس میچز، ٹکٹنگ سمیت دوسرے اہم ایشوز پر وفد پی سی بی حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔
ون ڈے ورلڈ کپ 2023 نے بھارت کا خزانہ بھر دیا، آئی سی سی رپورٹ جاری