بالی ووڈ اداکارہ ملائکہ اروڑا اور امرتا اروڑا کے والد انیل مہتا کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی جس می اہم انکشاف ہوا ہے۔
بالی وڈ اداکارہ و رقاصہ ملائکہ اروڑا کے سوتیلے والد انیل مہتا نے 11 ستمبر کو ممبئی کے علاقے باندرہ ویسٹ میں قائم اپنے اپارٹمنٹ کی چھٹی منزل سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی تھی۔
میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا تھا کہ انیل مہتا نے واقعی خودکشی کی ہے یا انکا قتل ہوا؟ اِس حوالے سے پولیس تحقیقات کررہی ہے جس پر ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
تاہم انیل مہتا کی ڈیڈ باڈی کا پوسٹ مارٹم بدھ کی رات 8 بجے ممبئی کے ’کوپر اسپتال‘ میں کیا گیا جس کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میڈیا پر جاری کردی گئی۔
انیل مہتا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ 63 سالہ انیل مہتا کی موت اونچائی سے چھلانگ لگانے کے باعث جسم پر لگنے والی گہری چوٹوں اور متعدد زخموں کی وجہ سے ہوئی ہے جوکہ خود کشی کے زمرے میں آتی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز پولیس نے انیل مہتا کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کرتے ہوئے بھارتی میڈیا سے گفتگو کی تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ ہم تمام زاویوں سے حادثے کی تفتیش کر رہے ہیں، فرانزک ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر موجود ہیں۔