لندن :ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے پیٹرول کے بحران کی شدید مذمت کرتے ہوئے معاملے کو حکومت کی نااہلی قرار دے دیا۔
الطاف حسین کا کہنا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے ججوں اور مسلح افواج کے جرنیلوں کو بھی پیٹرول بحران سے نکلنے کیلئے کردار ادا کرناچاہیے۔ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، اس کو بچانا پاکستان کو بچانا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ہر دور میں کراچی کے شہریوں کا خون بہایا گیا، پیپلزپارٹی نے شہری کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کیلئے بھی کچھ نہیں کیا۔
الطاف حسین کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ بری طرح ناکام ہوچکی ہے، سندھ میں مارشل لاء لگایا جائے۔
دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے صوبہ پنجاب کے بعد ملک بھر میں پیدا ہونے والے پیٹرول کے سنگین بحران کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
رابطہ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کو پٹرول بحران پر حکومتی اجلاس اور جھوٹے دعوؤں کی نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے، پیٹرول کی فی الفور فراہمی کو عملی جامہ پہنانے میں حکومت اور اس کے متعلقہ وزراء مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔
رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پیٹرول کی قلت کو پورا کرنے کیلئے کراچی سے پیٹرول روانہ کیا جارہا ہے، جس کے باعث کراچی میں بھی پٹرول پمپس بند ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول بحران کے ذمہ دار وزراء کو برخاست کرکے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔