اتوار, نومبر 24, 2024
اشتہار

انسٹا گرام نے والدین کی مشکل آسان کردی، بچوں کے لیے نئی سہولت کا آغاز

اشتہار

حیرت انگیز

انسٹاگرام نے بچوں کی آن لائن حفاظت کے لیے "ٹین اکاؤنٹس” ایک نیا فیچر متعارف کروادیا ہے، جس کے تحت 16 سال تک کے بچوں کے لیے کانٹینٹ اور ان سے رابطے کو محدود کیا جاسکے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 16 سال تک کے بچوں کے اکاؤنٹس خود بخود ٹین اکاؤنٹس میں تبدیل ہو جائیں گے اور اگر وہ سیٹنگز کو تبدیل کرکے رسٹرکشنز کم کرنا چاہیں تو انہیں اپنے والدین کی اجازت درکار ہوگی۔

اس فیچر میں والدین کو یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی کرسکیں گے جیسے کہ وہ کس قسم کا مواد دیکھ رہے ہیں اور کن لوگوں سے بات چیت کر رہے ہیں۔

- Advertisement -

دوسری جانب بچوں کو بھی ایک ایسا فیچر ملے گا جو صرف ان کے لیے بنایا گیا ہے اور جس کے ذریعے وہ اپنی پسند کے موضوعات پر مثبت کانٹینٹ دیکھ سکیں گے۔

اس حوالے سے میٹا کی عالمی حفاظتی سربراہ اینٹیگونی ڈیوس نے کہا ہے کہ ہم اپنی ایپ پر لاکھوں نو عمر بچوں کے آن لائن تعلق کو دوبارہ ترتیب دے رہے ہیں تاکہ والدین بہتر طریقے سے اپنے بچوں کی نگرانی کر سکیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ اقدامات ایک ایسے وقت میں متعارف کروائے گئے ہیں جب امریکی کانگریس بچوں کی آن لائن حفاظت کے قوانین پر بحث کر رہی ہے، اگر نئے قوانین منظور ہوجاتے ہیں تو یہ بچوں کی آن لائن حفاظت سے متعلق قوانین میں سب سے بڑی تبدیلی ہوگی۔

ٹین اکاؤنٹس میں کس قسم کی پابندی ہوگی؟

انسٹاگرام کے "ٹین اکاؤنٹس” پر کچھ مخصوص پابندیاں اور حفاظتی اقدامات لاگو کیے گئے ہیں تاکہ بچوں کو آن لائن محفوظ رکھا جا سکے۔ یہ سیٹنگز اور پابندیاں درج ذیل ہیں۔

پرائیویٹ اکاؤنٹس

ٹین اکاؤنٹس کی سیٹنگ ڈیفالٹ طور پر پرائیویٹ ہوگی، یعنی بچے کے اکاؤنٹ پر موجود مواد کو صرف وہی لوگ دیکھ سکیں گے جو ان کے فالوورز ہیں۔ اس کے علاوہ، جو لوگ انہیں فالو نہیں کرتے، وہ ان سے رابطہ بھی نہیں کر سکیں گے۔

پیغام رسانی کی پابندی

سخت میسجنگ سیٹنگز لاگو کی جائیں گی تاکہ بچوں کو صرف وہی لوگ پیغام بھیج سکیں جنہیں وہ خود فالو کرتے ہیں یا جن سے پہلے سے رابطے میں ہیں۔

حساس مواد کی پابندی

بچوں کے اکاؤنٹس پر حساس مواد کے کنٹرول کی سخت ترین سیٹنگز لگائی جائیں گی۔ یہ سیٹنگز محدود کریں گی کہ بچے کے سامنے کس قسم کا مواد آئے، جیسے لڑائی جھگڑے یا کاسمیٹک پروسیجرز کی تشہیر کرنے والی پوسٹس یا ریلز۔

محدود انٹریکشنز

صرف وہی لوگ بچے کو ٹیگ یا مینشن کر سکیں گے جنہیں وہ فالو کرتے ہیں۔ انسٹاگرام پر اینٹی بلیئنگ فیچر بھی موجود ہوگا، جو غیر مناسب الفاظ کو کمنٹس اور ڈائریکٹ میسجز سے حذف کر دے گا۔

ٹائم لمٹ ریمائنڈر

بچوں کو نوٹیفکیشنز موصول ہوں گے جو انہیں یہ بتائیں گے کہ انہوں نے دن میں ایک گھنٹے کے لیے انسٹاگرام استعمال کر لیا ہے اور اب انہیں ایپ بند کر دینی چاہیے۔

سلیپ موڈ

رات 10 بجے سے صبح 7 بجے تک سلیپ موڈ آن ہوگا، جس دوران نوٹیفکیشنز میوٹ ہوں گے اور میسجز پر خودکار جواب دینے کا فیچر فعال ہو جائے گا۔

والدین کی نگرانی

والدین کو اجازت ہوگی کہ وہ اپنے بچوں کے اکاؤنٹ پر حفاظتی سیٹنگز اور رسٹرکشنز لگا سکیں۔ بچے سیٹنگز میں تبدیلی کر سکیں گے، لیکن والدین کی اجازت سے۔ اس کے لیے پیرنٹس سپروژن سیٹنگز کو فعال کرنا ہوگا۔

والدین کا کنٹرول

والدین اپنے بچوں کے اکاؤنٹس کو کنٹرول کر سکیں گے، جیسے یہ دیکھنا کہ بچوں نے پچھلے سات دنوں میں کن لوگوں کو میسجز کیے ہیں (لیکن میسجز نہیں پڑھ سکیں گے)۔
والدین بچوں کے انسٹاگرام استعمال پر ٹائم لمٹ لگا سکیں گے اور اس کے بعد بچے ایپ استعمال نہیں کر سکیں گے۔

والدین یہ بھی دیکھ سکیں گے کہ بچے کن موضوعات پر مواد دیکھ رہے ہیں اور کیا وہ مواد ان کی عمر کے مطابق ہے یا نہیں۔

اطلاق

یہ سیٹنگز نئے اکاؤنٹس پر فوراً لاگو ہوں گی، جبکہ پہلے سے موجود اکاؤنٹس کو انسٹاگرام نوٹیفکیشنز بھیجے گا اور اگلے ہفتے سے یہ سیٹنگز ان پر بھی لاگو ہونا شروع ہو جائیں گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں