واشنگٹن : امریکی صدر جوبائیڈن نے چیلنجز سے نمٹنے کے لیےپاکستان کا ساتھ دینے کا اعادہ کرتے ہوئے پاک امریکا تعلقات علاقائی استحکام اورسلامتی کے لیے اہم قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے صدر بائیڈن کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں، اس موقع پرصدربائیڈن نےامریکا اورپاکستان کےدرمیان مضبوط پارٹنرشپ کو دنیا بھر کے لوگوں کی سیکیورٹی کے لئے اہم قرار دیا۔
صدر بائیڈن نےکہا دہشت گردی کےخطرات سے نمٹنے کے لیے پاک امریکا تعاون کو سراہتے ہیں اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھہترسال سے زائد عرصے پر محیط دوستی اوراقتصادی روابط ، سیکیورٹی تعاون اور ثقافتی تبادلے کے لیے ہماری مستقل وابستگی کی علامت ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا سیکیورٹی،تجارت و سرمایہ کاری،اقتصادی ترقی،یو ایس پاکستان ‘گرین الائنس’ کے فریم ورک اور خوشحالی میں مشترکہ مفادات کو اجاگر کرتے رہنا چاہیے۔ امریکا دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرنےکےخواہاں ہے۔
پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاک امریکا اقتصادی شراکت داری ہماری ترجیح ہے۔ پاکستان متبادل توانائی،گرین ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔