ملتان: جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ میں کسی کی گرفتاری کے حق میں نہیں ہوں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میں کسی کی گرفتاری کے حق میں نہیں ہوں اور نہ ہی میرا کسی کے ساتھ کوئی رابطہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بیروزگاری امن و امان کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اب تو ایک نیا مسئلہ آئین کا مسئلہ سب کے سامنے ہے، نواز شریف سے جو باتیں ہونی تھیں وہ ہوگئیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بانی پی ٹی آئی کی حکومت تھی تب بھی ہم اس کے خلاف تھے، تمام ادارے اپنی حدود میں کام کریں ملک ترقی کی طرف جائے گا۔
مولانا فضل الرحمان سے صحافی سے سوال کیا کہ کیا آئینی ترمیم دوبارہ لائی جائے گی؟ جس پر انہوں نے کہا کہ یہ تو ان سے پوچھیں جو آئینی ترمیم لا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری ملنے آئے، تو طے ہوا کہ ہم دونوں ہی اپنا اپنا مسودہ تیار کریں گے، اداروں کے درمیان طاقت کا توازن نہیں بگڑنا چاہیے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ شخصیات کے بجائے اداروں کی اصلاحات پر جائیں۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ جب پارلیمٹیرینز ہی کنفیوژن کا شکار ہوں گے تو وہ آئین سازی کیسے کریں گے، اس وقت ہمارا تحریک انصاف سے باضابطہ کوئی اتحاد نہیں ہے، 26ویں ترمیم کی کوشش کے دوران پی ٹی آئی مسلسل رابطے میں رہی۔