گجرات : بیرون ملک مقیم شوہر کی طلاق کی دھمکی پر خاتون نے غصے میں آکر اپنے 2 بچوں کو تیزاب پلا کر قتل کرڈالا۔
تفصیلات کے مطابق گجرات میں شوہر سے معمولی جھگڑے پر خاتون نے دو بچوں کی جان لے لی، جاں بحق بچوں میں 6 سال کا آہل اور7 سال کا ساحل شامل ہیں جبکہ ملزمہ کا شوہربیرون ملک مقیم ہے۔
واقعہ گجرات کے نواحی گاوں بدھووال میں پیش آیا تھا، پولیس نے دہرے قتل کا مقدمہ درج کرکے خاتون کو کو حراست میں لے لیا۔
ملزمہ سدرہ نے بتایا کہ خاوندمشاہد سےفون پرجھگڑاہوا تھا۔ اس نے طلاق کی دھمکی دی تھی، جس پروہ غصے میں آگئی ، جس کے بعد اس نے یہ قدم اٹھایا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ خاتون نے بچوں کو تیزاب پلایا پھر گلا دبا کرقتل کیا اور خود بھی تیزاب پی کر ڈوپٹے سے لٹک کرخودکشی کی کوشش کی تاہم اس کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایس پی مہر محمد ریاض ناز نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ خاتون کے خلاف دہرے قتل کا مقدمہ درج کرکے اسے باقاعدہ حراست میں لے لیا گیا ہے، خاتون کے خلاف قتل کا مقدمہ جیٹھ ارشد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔