کراچی : ترجمان کے الیکٹرک نے نارتھ ناظم آباد کے دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے شرپسند عناصر کے خلاف مکمل قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان کے الیکٹرک نے نارتھ ناظم آباد کے دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی املاک کو نقصان پہنچایاگیا، احتجاج اور تشدد کے باعث علاقےمیں آپریشن کوعارضی طورپر معطل کر دیا گیا ہے۔
کے ای کے ترجمان کا کہنا تھا کہ علاقےمیں بجلی کی شکایت کی درستگی میں تاخیرپیش آسکتی ہے ، شر پسند عناصر کے خلاف مکمل قانونی کارروائی کی جائےگی، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں۔
گذشتہ روز کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں کے ای شکایتی مرکز پر بچوں نے دھاوا بول دیا تھا ، بچوں نےکئی موٹرسائیکلیں توڑ دیں اور 3 کو جلا دیا، احتجاج میں نقصان کا شکار موٹرسائیکلیں ملازمین کی تھیں۔
کے ای حکام کا کہنا تھا کہ مظاہرین نےشکایتی مرکز کے گیٹ کے سامنے آگ بھی لگائی تاہم پولیس نےموقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول میں لیا، پولیس کے مطابق 2روز سے علاقے میں بجلی نہ ہونے پر احتجاج کیا جا رہا تھا، جس میں 40 سے 50 کےقریب بچے موجود تھے۔