کراچی: مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پُر تشدد واقعات کے دوران چھ افراد جان سے گئے ہیں، شارع نور جہاں اور بکرا پیڑی میں پولیس مقابلے میں تین ملزمان مارے گئے۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے مرتضی چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ملک صدیق جان کی بازی ہار گیا، شاہ لطیف کے علاقے میں بیوی نے شوہر پر تیزاب پھینک کر قتل کردیا، کھارادر کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہری کی فائرنگ سےدو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔
منگھو پیر اجتماع گاہ اور ہجرت کالونی سے بھی دو افراد کی لاشیں ملی ہیں، ملیر سٹی میں پولیس مقابلے میں ایک گینگ وار کا ملزم مارا گیا۔
پولیس کے مطابق بھیم پورہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم سے حملہ کیا اور موقع سے فرار ہوگئے، حملے میں خواتین اور بچوں سمیت پندرہ افراد زخمی ہوئے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق فرنٹیئر کالونی سے کالعدم تنظیم کے دو کارندے پکڑے گئے، لانڈھی، کورنگی اور اورنگی ٹاؤن میں آپریشن میں ٹارگٹ کلر سمیت سات افراد کو حراست میں لیا گیا،ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔