منگل, ستمبر 24, 2024
اشتہار

جماعت اسلامی کا 29 ستمبر کو ملک گیر دھرنوں کا اعلان، ملین مارچ کی بھی دھمکی

اشتہار

حیرت انگیز

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم نے بجلی سستی کرنے کے مطالبے کی منظوری کے لیے 29 ستمبر کو ملک بھر میں دھرنے دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد نعیم نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ’’حق دو عوام کو‘‘ کو تحریک جاری ہے جس کا مقصد عوام کو ریلیف دلانا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بجلی کی قیمتیں کم کی جائیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ ہم نے اسی مطالبے کے لیے پنڈی میں 14 روز دھرنا دیا اور ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال بھی کر چکے۔ حکومت نے ہم سے 45 دن میں تمام مطالبات کی منظوری کا تحریری معاہدہ کیا اور معاہدے کی یہ مدت پوری ہوچکی ہے۔

- Advertisement -

امیر جماعت اسلامی نے 29 ستمبر کو ملک بھر میں بڑے مظاہرے اور دھرنے دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام شاہراہوں پر دھرنے دیے جائیں گے۔ یکم سے 7 اکتوبر تک فلسطین اور لبنان کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں گے اور اس کے بعد حق دو عوام تحریک کو مزاحمتی تحریک میں تبدیل کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 23 اکتوبر سے 27 اکتوبر تک پورے پاکستان کے عوام سے رابطہ کریں گے اور لوگوں سے رائے لیں گے کہ بجلی سستی نہ ہونے پر آئندہ مہینوں میں بجلی کے بل ادا کریں یا نہ کریں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ ہمارے پاس آپشن موجود ہیں۔ ہم ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان بھی کر سکتے ہیں اور ملین مارچ کا بھی آپشن ہے جو لانگ مارچ میں تبدیل ہو کر اسلام آباد بھی جا سکتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے وہ ہماری تحریک کو نہیں روک سکے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں