بدھ, ستمبر 25, 2024
اشتہار

اسرائیل کو بھی ہٹلر کی طرح روکنا ہوگا، اردوان

اشتہار

حیرت انگیز

نیویارک: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو بھی ہٹلر کی طرح روکنا ہوگا، 70 سال پہلے ہٹلر کو سب نے مل کر روکا تھا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں رجب طیب اردوان نے کہا کہ امید ہے اجلاس میں انسانیت کی بھلائی کی راہ نکلے گی، اقوام متحدہ کو فلسطینیوں سے متعلق مطالبات کو پورا کرنا پڑے گا، یہاں ہم سب کو کھلے دل کے ساتھ سچ بتانا پڑے گا، دوسری جنگ عظیم میں لاکھوں لوگ مرے جس کے بعد اقوام متحدہ بنی، اس کی بنیادی ذمہ داری دنیا میں امن اور انصاف قائم کرنا ہے لیکن حالیہ کچھ برسوں میں اقوام متحدہ اپنے بنیادی مقصد میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ عالمی انصاف صرف سکیورٹی کونسل کے 5 ممبران پر نہیں چھوٖڑا جا سکتا، اقوام متحدہ غیر فعل ہے جس کا ثبوت غزہ میں نسل کشی ہے، 7 اکتوبر سے اسرائیلی حملوں میں 41 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، حملوں میں 172 صحافی اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے مارے گئے، غزہ کے عوام کو بھوک اور بیماریوں کا سامنا ہے۔

- Advertisement -

’500 امدادی ارکان لوگوں کی زندگیاں بچاتے ہوئے جان سے گئے۔ اسرائیل پناہ گزینوں کے کیمپ، اسپتال اور اسکولوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ اسرائیل اقوام متحدہ کے چارٹر کو شرمناک طریقے سے روند رہا ہے۔ 17 ہزار سے زائد بچے اسرائیلی گولیوں کا نشانہ بنے۔ 6 سالہ بچہ ملبے میں 12 دن تک امداد کا انتظار کرتا رہا۔ 6 سالہ بچے نے اسرائیلی بمباری میں اپنے ماں باپ اور بہن بھائیوں کو کھو دیا۔ بچہ 12 دن تک منتظر رہا کہ کوئی ہماری مدد کرنے آئے گا۔‘

ترکیہ کے صدر نے کہا کہ غزہ میں کئی ہزار بچے بھوک، پیاس اور بیماریوں سے مارے گئے، غزہ میں انسانیت اور امید دم توڑ رہی ہے، کیا غزہ کے بچوں کو اپنی ہی سرزمین پر بھی جینے کا حق نہیں ہے؟ سکیورٹی کونسل سے پوچھتا ہوں نسل کشی روکنے کیلیے کس چیز کا انتظار ہے؟ سکیورٹی کونسل غزہ میں نسل کشی کیوں نہیں روک رہی؟ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر کے زمین پر قبضہ کر رہا ہے، فلسطینیوں کا حق ہے کہ اپنی زمین پر قبضے کے خلاف مزاحمت کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کسی قانون کی پرواہ کیے گئے بغیر قتل عام میں مصروف ہے، فلسطین کی صورتحال عالمی برادی کے منہ پر طمانچہ ہے، اسرائیل کی حمایت کرنے والے فلسطینیوں کی نسل کشی میں حصہ دار ہیں، اسرائیلی بمباری سے غزہ دنیا کا سب سے بڑا قبرستان بن گیا ہے، اجلاس میں اسرائیل کے خلاف اقدامات کا ایجنڈا رکھنا چاہیے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں فوری طور پر مستقل جنگ بندی کی جائے، سردیوں میں غزہ کی صورتحال مزید گھمبیر ہو سکتی ہے، غزہ میں پانی کا نظام، بیکریز اور صحت کا نظام تباہ ہو چکا ہے، غزہ میں پولیو اور ہپاٹائٹس کے امراض پھوٹ پڑے ہیں، عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو مزید حملوں سے روکا تھا۔

رجب طیب اردوان نے اعلان کیا کہ اسرائیل کو کٹہرے میں لانے کے تمام اقدام کریں گے، میرے آباؤ اجداد کی تربیت ہے کہ مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، میری قوم کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں ہمیشہ مظلوم کا ساتھ دیا ہے، ترک قوم کی تاریخ رہی ہے ہمیشہ ظالم کا مقابلہ کیا، ہٹلر سے بھاگنے والے یہودیوں کو پناہ دی، ہمیں اسرائیلی عوام سے کوئی مسئلہ نہیں حکومتی پالیسیوں پر اعتراض ہے، اسرائیلی حکومت کی نسل کشی اور مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی پالیسی پر اعتراض ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں