بدھ, ستمبر 25, 2024
اشتہار

پاکستان میں مہنگائی میں کمی سے متعلق اے ڈی بی کی پیش گوئی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایشین ڈیولپمنٹ آؤٹ لک جاری کرتے ہوئے مہنگائی میں کمی کی پیش گوئی کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایشین ڈیولپمنٹ بینک نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی نظم و ضبط کی وجہ سے معیشت بہتر ہوئی، مہنگائی 2 سال کی پست ترین سطح پر ہے اور مزید کمی ہوگی۔

اے ڈی بی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی شرح نمو 2.8 فی صد تک رہنے کا امکان ہے، گزشتہ مالی سال پاکستان کی شرح نمو 2.4 فی صد رہی۔

- Advertisement -

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال مہنگائی کی شرح 15 فی صد تک رہنے کا امکان ہے، گزشتہ مالی سال مہنگائی کی شرح 23.4 فی صد تھی، پاکستان میں مہنگائی 2 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، پاکستان کی معیشت مالی نظم و ضبط کی وجہ سے بہتر ہوئی ہے۔

اے ڈی بی کے مطابق پاکستان میں کاروباری ماحول میں بہتری آئی ہے، توانائی کے شعبے کی صلاحیت بہتر ہوئی، مارکیٹ کے مطابق ایکسچینج ریٹ کی وجہ سے بھی معاشی بہتری ہوئی، جب کہ آئی ایم ایف پروگرام کے بعد 2025 میں شرح نمو میں مزید بہتری کا امکان ہے، پاکستان نے معاشی اور توانائی اصلاحات پر بہتر کارکردگی دکھائی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ساؤتھ ایشیا ریجن میں پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ رواں مالی سال سب سے کم ہوگی، ریجن میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح سب سے زیادہ رہنے کی پیشگوئی ہے، رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں مہنگائی کی شرح 15 فی صد رہنے کا امکان ہے، پاکستان کو تاحال قرضوں پر سود کی ادائیگیوں کے لیے پیمنٹس کا مسئلہ رہے گا، ستمبر کے اختتام تک پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ 2.4 فی صد تک ریکارڈ ہوگی، اپریل 2025 میں 2.8 فی صد اور ستمبر 2025 میں 2.8 فی صد تک ہوگی، پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں کمی اور زرعی پیداوار میں بہتری ہو رہی ہے۔

اے ڈی بی کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کا مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کا 8 فی صد تک رہ سکتا ہے، جی ڈی پی سائز بڑھنے سے ملکی قرضوں میں جی ڈی پی شرح کے تناسب سے کمی ہوگی، پاکستان میں قرضوں پر سود کی ادائیگیوں کا بوجھ ریونیو آمدن کا 60 فی صد تک بڑھ چکا ہے، رواں مالی سال کے دوران نجی شعبے کی سرمایہ کاری سے گروتھ بڑھے گی، پاکستان کو تاحال معاشی اور سیاسی لحاظ سے دباؤ کا سامنا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سخت مالیاتی نظم و نسق اور ایکسچینج ریٹ کو مارکیٹ بیسڈ رکھنے کی ضرورت ہے، بھارت میں رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ 7.2 فی صد رہنے کی توقع ہے، رواں مالی سال کے دوران بھارت میں مہنگائی کی شرح 4.5 فی صد رہنے کی پیشگوئی ہے، بنگلادیش میں جی ڈی پی گروتھ 5.1 فی صد اور مہنگائی 10.1 فی صد رہنے کی پیشگوئی ہے، جب کہ سری لنکا میں جی ڈی پی گروتھ 2.8 فی صد اور مہنگائی 5.5 فی صد رہنے کی پیش گوئی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں