بدھ, ستمبر 25, 2024
اشتہار

عالمی برادری اسرائیل کا احتساب کرے، وزیراعظم

اشتہار

حیرت انگیز

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کا احتساب کرے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کی ملاقات ہوئی جس میں شہباز شریف نے سربراہی کانفرنس کے انعقاد کا خیرمقدم کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ کانفرنس ترقی پذیر ملکوں کو پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوگی۔

- Advertisement -

وزیراعظم نے بھارت کی جارحانہ کارروائی پر پاکستان کی شدید تشویش کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے تنازع کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے انتونیو گوتریس کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو یقینی بنانے کے لیے اثر و رسوخ کا استعمال کریں۔

شہباز شریف نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل کشی مہم کی شدید مذمت کی اور غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ خودمختار ریاست فلسطین اور دارالحکومت القدس الشریف کی حمایت کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کی بڑھتی لہر، مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک روکنے کی ضرورت پر زور دیا اور بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے فعال کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے کردار پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں