بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں معمولی سی بات پر سفاک باپ نے کم عمر بیٹے کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تیودی گاؤں میں سفاک باپ نے گھر سے 500 روپے غائب ہونے پر ہنگامہ کھڑا کیا اور شک کی بنیاد پر اپنے 10 سالہ بیٹے کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
پڑوسیوں نے پولیس کو بتایا کہ مقتول اپنے والد اور سوتیلی ماں کے ساتھ رہات تھا، دونوں میاں بیوی اکثر کسی نہ کسی بات پر معصوم کو تشدد کا نشانہ بناتے تھے۔
علامہ مکینوں کے مطابق ہفتے کی صبح ملزم نے گھر میں رکھے 500 روپے تلاش کیے جو اسے نہیں ملے، اس نے اپنی بیوی سے دریافت کیا جس نے لا علمی کا اظہار کیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم نے بیوی کے ساتھ مل کر 10 سالہ بیٹے کو پھونکنی سے مارا اور ایک موقع پر سر پر وار کیا جو معصوم کی موت کی وجہ بنا۔
پولیس نے ملزم اور اس کی بیوی کو حراست میں لے کر واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دیں۔
راحت علی نامی ایک رہائشی نے بتایا کہ ملزم اپنے بیٹے کو روزانہ مارتا تھا اور آج اس نے 500 روپے نہ ملنے پر مقتول کی پٹائی کی، ملزم نے بچے پر تشدد کرنے کو اپنی عادت بنا لیا تھا۔
غازی آباد کے پولیس افسر گیان پرکاش رائے نے بتایا کہ مقتول کے دادا اور دادی کی شکایت پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔