پی پی رہنما نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنا آئینی مسودہ تیار کیا ہے، جس پر جے یو آئی سے مشاورت ہوگی۔
اے آر وائی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیئر حسین بخاری کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملاقات میں تفصیلی گفتگو ہوئی، ان کے ساتھ ملاقات میں طے ہوا کہ ایک اور ملاقات کریں گے۔
نیئر بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو اور فضل الرحمان کی ملاقات ہوگی پھر نئے مسودے کی منظوری دی جائے گی، ہمارے مسودے پر جے یو آئی اور پی پی کافی قریب ہیں۔
سیکریٹری جنرل پی پی نے کہا کہ پی پی نے آئینی ترامیم سے متعلق تجاویز مولانا سے شیئر کی ہیں، میثاق جمہوریت کے مطابق آئینی مسودے پر کام کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ مسودے کو حتمی شکل دینے کےلیے پیر کو جے یو آئی قیادت سے ملاقات ہوگی، آئینی ترامیم منظور کرنے کےلیئے صرف پی پی نہیں حکومت کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا۔