بدھ, دسمبر 25, 2024
اشتہار

اداکار گووندا گولی لگنے سے زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار گووندا گولی لگنے کے باعث زخمی ہوگئے انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 90 کی دہائی کے معروف اداکار گووندا اپنے گھر میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے ان کی ٹانگ میں گولی لگی ہے۔ اداکار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گووندا اپنے گھر میں لائسنس یافتہ اپنا ریوالور صاف کر رہے تھے کہ اسی دوران اچانک گولی چل گئی جو ان کے پیر میں جا لگی۔ وہ نجی اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔

- Advertisement -

بتایا جا رہا ہے کہ حادثے کے وقت وہ جوہو میں واقع اپنے گھر میں اکیلے تھے جب کہ ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کولکتہ میں تھیں۔ زخمی ہونے کے بعد انہوں نے قریب میں رہائش پذیر اپنے رشتے داروں کو فون کر کے اطلاع دی جس پر انہوں نے وہاں پہنچ کر اداکار کو اسپتال منتقل کیا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق گووندا کی حالت اب خطرے سے باہر ہیں اور واقعے کی اطلاع ملتے ہی ان کی اہلیہ سنیتا بھی اسپتال پہنچ چکی ہیں۔

اداکار کے منیجر کا کہنا ہے کہ گووندا ٹھیک ہیں۔ حادثہ آج علی الصباح پونے پانچ بجے پیش آیا۔ کولکتہ میں ایک شو کے لیے صبح 6 بجے کی فلائٹ شیڈول تھی اور میں ایئر پورٹ پہنچ چکا تھا جبکہ گووندا جی اپنے گھر سے ایئر پورٹ کے لیے نکلنے والے تھے کہ یہ حادثہ ہو گیا۔

منیجر کے مطابق ریوالور الماری میں رکھنے کے دوران گرا اور گولی چل گئی جس سے گووندا کی ٹانگ پر زخم آیا۔

ممبئی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ان کا ریوالور قبضے میں لے لیا ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اس حوالے سے سینئر پولیس آفیسر پرمجیت سنگھ نے کہا ہے کہ جس بندوق سے گولی چلی وہ لائسنس یافتہ ہے۔ گولی لگنے سے ان کے پیر سے کافی خون بہہ گیا تھا جس کی وجہ سے انہیں علاج کے لیے اندھیری کے کریتی کیئر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 60 سالہ اداکار نے 80 کی دہائی میں فلمی دنیا میں قدم رکھا اور کئی سپر ہٹ فلمیں دیں بالخصوص 90 کی دہائی میں ایکشن سے مزاحیہ فلمی ہیرو کا ایک نیا امیج متعارف کرایا۔

گووندا گزشتہ 5 سال سے فلموں سے دور ہیں، ان کی آخری ریلیز فلم 2019 کی رنگیلا راجا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں