منگل, نومبر 5, 2024
اشتہار

اسرائیل پر حملے کے بعد پاسداران انقلاب کا ردعمل آگیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد ایرانی پاسداران انقلاب کا ردعمل آگیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق  ترجمان ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر حملہ اسماعیل ہنیہ، حسن نصر اللہ کی شہادت کا ردعمل ہے۔

ترجمان پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں اہم عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

- Advertisement -

دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو ایرانی خود مختاری کی خلاف ورزی کا جواب دیا گیا ہے، اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تو یہ نہ سمجھے میزائل حملہ ختم ہوگیا ہے۔

ایرانی مشن کا کہنا ہے کہ صیہونی حکومت کی دہشت گردانہ کارروائیوں کیخلاف ایران نے کارروائی کی ہے، ایرانی شہریوں اور مفادات کو نشانہ بنانے پر اسرائیل کو جواب دیا گیا ہے۔

 واضح رہے کہ ایران سے اسرائیل پر 400 میزائل داغے گئے ہیں اور ایرانی میزائلوں نے تل ابیب میں اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی آئرن ڈوم حملہ روکنے میں ناکام رہا ہے اور متعدد ایرانی میزائل نشانے پر جا لگے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائلوں کو آئرن ڈوم سسٹم کے ذریعے تباہ کیا جا رہا ہے فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر فعال ہے۔

غیرملکی خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ پروجیکٹائل کی دوسری لہر اردن کے اوپر سےگزر رہی ہے اردن کے آسمان سے میزائلوں کی دوسری لہر اسرائیل کی جانب بڑھ رہی ہے۔

ایرانی حملوں کے پیش نظر اسرائیل اور اردن نے سویلین طیاروں کیلئے فضائی حدود بند کر دی۔

قبل ازیں امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اسرائیلی حکومت اور امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ایران آئندہ چند گھنٹوں میں اسرائیل پر حملہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینئل ہیگارے کا کہنا تھا کہ امریکا نے ممکنہ ایرانی حملے سے متعلق اسرائیل کو آگاہ کیا ہے، اسرائیل اپنے حلیف ممالک کے ہمراہ انتہائی چوکس ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں