آن لائن ٹریڈنگ فراڈ سے بچنے کے لیے پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ (پی ایس ایکس) نے سرمایہ کاری کرنے والے افراد کے لیے انتباہ جاری کردیا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ (پی ایس ایکس) سرمایہ کاری کرنے والے افراد کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے دھوکہ دہی کی سرگرمیوں میں ہونے والے اضافے کے بارے میں آگاہ کرتا ہے۔
پی ایس ایکس نے جاری کردہ اعلامیے میں کہا کہ کچھ غیر قانونی سوشل میڈیا گروپ اور فورم مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی اور روایتی طریقے استعمال کرتے ہوئے سرمایہ کاری کرنے والے افراد کو واٹس اپ گروپوں، فیس بک، میٹا اور اور دیگر سوشل میڈیا چینلز میں شامل ہونے یا فارم بھرنے کے لیے آمادہ کرنے کے لیے کوشش کرتے ہیں۔
پی ایس ایکس کا کہنا ہے کہ دھوکہ دہی کرنے والے رجسٹرڈ پیشہ ور افراد کے نام کا غلط استعمال کرتے ہیں یا کسی قانونی کمپنی سے وابستہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں تاکہ سرمایہ کاری کرنے والے عوام کو غیر مجاز سرمایہ کاری کی اسکیموں میں حصہ لینے پر آمادہ کیا جا سکے۔
پی ایس ایکس نے کہا کہ ایسے دھوکہ باز عناصر کی خط و کتابت اکثر مستند نظر آتی ہے کیونکہ اس طرح کے عناصر ریگولیٹر کا نام، لوگو اور تصاویر استعمال کرتے ہیں، نیز اعلیٰ انتظامی اور ملکیتی مواد کے حصے کے طور پر نقالی کرتے ہیں جو سرکاری لگتا ہے۔
پی ایس ایکس کے بیان کے مطابق دھوکہ دہی میں ملوث گروپ اور فورم کم سے کم یا بغیر کسی رسک کے مقررہ منافع کی ضمانت دیتے ہیں اور سرمایہ کاری کے بارے میں اندرونی تجاویز اور تربیت تک خصوصی رسائی فراہم کرتے ہیں، وہ ذاتی یا مالی معلومات شیئر کرنے یا کسی فرد یا تیسرے فریق کو براہ راست رقم بھیجنے کے لیے بھی کہتے ہیں۔
پی ایس ایکس نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نوعیت کی دھوکہ بازی کا شکار بننے سے بچنے کے لیے سرمایہ کاری کرنے والے افراد کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ غیر قانونی سوشل میڈیا گروپوں اور فورمز سے غیر منقولہ سرمایہ کاری کے مشوروں سے ہوشیار رہیں۔
پی ایس ایکس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ لسٹڈ کمپنیوں کے حصص کی تجارت صرف ایس ای سی پی کے لائسنس یافتہ سیکیورٹیز بروکرز کے ذریعے کی جانی چاہیے۔