وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری سمیت 6 وفاقی وزارتوں کو ختم کرنے سے متعلق ٹائم فریم بتا دیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام خبر میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے سلسلے میں نیلامی کی بولی اور اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کا عمل رواں ماہ اکتوبر میں مکمل ہو جائیں گے جب کہ تین ڈسکوز کو بھی نجکاری کے فرسٹ فیز میں شامل کر دیا ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ جیسے ہی اسلام آباد آؤٹ سورس ہو جائے گا، اس کے ساتھ ہی نجکاری اور ہوا بازی کی وزارتیں مل کر لاہور اور کراچی ایئرپورٹ کی نجکاری کا دستاویزی کام مکمل کر لیں گی۔
چھ وفاقی وزارتوں کے خاتمے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کیبٹ میٹنگ میں چھ وزارتوں میں سے ایک کو مکمل ختم کرنے، دو کو دیگر وزارتوں میں ضم کرنے اور تین وزارتوں کی رائٹ سائزنگ کرنے کی منظوری ہوئی ہے اور اس فیصلے پر جون 2025 تک عملدرآمد مکمل کر لیا جائے گا۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ جن تین وزارتوں میں رائٹ سائزنگ ہوگی وہ صرف وزارتوں میں نہیں بلکہ اس سے ملحقہ اداروں میں بھی کی جائے گی۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ موجودہ حکومت کا ہی فیصلہ نہیں بلکہ اس پر 2019 میں بھی کام ہوا تھا اور اس وقت ڈاکٹر عشرت نے اس حوالے سے ریفارم پیکیج بنا کر دیا تھا اور میں ان سے رابطے میں ہوں۔