جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈیویلیرز نے بابر اعظم کے کپتانی سے مستعفی پر اسے خوش آئند فیصلہ قرار دے دیا۔
بابراعظم کے مستعفی ہونے کے بیان پر اے بی ڈیویلیئرز نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ مبارک ہو، آپ بہت شاندار رہے ہیں، اب آپ اپنی ٹیم کےلیے بہت زیادہ رنز کریں گے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر جاری کردہ پیغام میں بابر اعظم نے گزشتہ روز لکھا تھا کہ پاکستانی ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے، بطور کھلاڑی اپنی کارکردگی پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کپتانی کرنا اچھا تجربہ تھا لیکن ورک لوڈ میں اضافہ ہوگیا تھا۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ مجھے قومی ٹیم کی کپتانی کرنے پر فخر ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی ان کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا تھا کہ بابر اعظم کا فیصلہ بیٹنگ پر مکمل توجہ دینے کی خواہش ظاہر کرتا ہے۔
کرکٹ بورڈ کے بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مستقبل میں ان کی سپورٹ جاری رکھے گا۔