ممبئی: معروف بالی وڈ اداکارہ ترپتی ڈمری پر معاوضہ لینے کے باوجود تقریب میں شرکت نہ کرنے پر دھوکا دہی کا الزام عائد کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جے پور میں ناری شکتی تقریب کے منتظمین نے ترپتی ڈمری پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے فیس وصول کرنے کے باوجود تقریب میں شرکت نہیں کی۔
سوشل میڈیا پر ترپتی ڈمری اور ان کی آئندہ ریلیز ہونے والی فلموں کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے جو کہ اُن فلمسازوں کیلیے خطرے کی گھنٹی ہے جو اداکارہ کو لے فلمیں بنا رہے ہیں۔
صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اداکارہ کے ترجمان نے ایک بیان جاری کیا کہ ترپتی ڈمری نے جے پور میں ان تمام سرگرمیوں میں شرکت کی جو پہلے سے طے شدہ تھیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اپنی فلم ’وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو‘ کیلیے جاری تشہیری مہم کے دوران ترپتی ڈمری نے فلم سے متعلق تمام طے شدہ پروگراموں اور سیشنز میں شرکت کرتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں مکمل کیں۔
ترجمان نے منتظمین کے اس دعوے کی بھی تردید کی کہ اداکارہ تقریب میں شرکت کیلیے رضامند ہوئیں یا فیس وصول کی۔
انہوں نے بتایا کہ اداکارہ نے اپنے پروموشنل ڈیوٹی سے ہٹ کر کسی بھی ذاتی نمائش یا پروگرام میں شرکت کرنے کا وعدہ نہیں کیا، یہ واضح کرنا ضروری ہے کہ ان سرگرمیوں میں ان کی شمولیت کیلیے کوئی اضافی فیس یا ادائیگی وصول نہیں کی گئی۔
گزشتہ روز تقریب کے منتظمین میں شامل کاروباری خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ تقریب میں شرکت کیلیے ترپتی ڈمری کے ساتھ 5.5 لاکھ روپے میں معاہدہ کیا گیا تھا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ وہ اداکارہ کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی۔ انہوں نے دھوکا دہی کا الزام لگاتے ہوئے اداکارہ اور ان کی فلموں کے بائیکاٹ کا بھی مطالبہ کیا۔