بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی بیوہ و سابقہ اداکارہ سائرہ بانو نے اپنی منگنی کی یادگار تصاویر شیئر کردیں۔
اداکارہ سائرہ بانو نے 2 اکتوبر کو اپنی اور دلیپ کمار کی منگنی کی 58ویں سالگرہ کا جشن منایا اس موقع پر اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی منگنی کی چند یادگار تصاویر پوسٹ کیں ہیں۔
فلم انڈسٹری کی سابقی اداکارہ سائرہ بانو نے منگنی کی تصاویر کے ساتھ محبت بھرا طویل کیپشن بھی لکھا ہے، انہوں نے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’محبت میں سوال نہیں کیے جاتے‘، یہ جملہ میں نے اپنی فلم ’ہیرا پھیری‘ میں کہا تھا اور اب میں اس بات پر حیران ہوں کہ یہ جملہ کتنی اہمیت کا حامل ہے۔
View this post on Instagram
سائرہ بانو نے لکھا کہ محبت یہ ہے کہ آپ کو اپنے محبوب پر اس قدر بھروسہ ہو کہ کوئی بھی سوال کرنے کی ضرورت ہی نہ پڑے، 2 اکتوبر 1966 کا ناقابلِ فراموش دن جب میں نے اپنے سچے پیار دلیپ صاحب کے ساتھ اپنی زندگی کا سفر شروع کیا۔
سائرہ بانو نے کہا کہ میں نے کبھی کوئی سوال نہیں کیا، اچھے یا بُرے حالات میں، میں نے ان سے کبھی کوئی شکایت نہیں کی اور نہ ہی کوئی سوال کیا، میں نے صرف پیار کیا اور محبت کی بنیاد پر ہی کوئی بھی رشتہ قائم ہوتا ہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ محبت انسان کو کسی بھی بوجھ، شکوک و شبہات یا توقعات سے آزاد کر دیتی ہے، سوائے وفا کے اور وفاداری محبت کا حقیقی جوہر ہے، وفاداری محبت کو غیر مشروط، آزاد اور پائیدار بناتی ہے۔