لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واضح کیا ہے کہ پنجاب میں قانون کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور قانون ہاتھ میں لینے والوں سے ہرگز کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
ہمت کارڈ کے اجرا کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ایک اور خواب کی تکمیل ہوئی ہے، پنجاب میں 65 ہزار خصوصی افراد کو آج سے ہمت کارڈ ملنا شروع ہو جائے گا، خصوصی افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنا ترجیح ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہمت کارڈ ککیلیے بینک آف پنجاب نے ہماری معاونت کی ہے سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں، روزمرہ کی مشکلات کے باوجود خصوصی افراد ہمت کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، ہمت کارڈ 15 اکتوبر سے فعال ہو جائے گا۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا وجہ ہے کہ جب ملک ترقی کرتا ہے، غریب اور مستحق کی دادرستی ہوتی ہے، ملک ترقی کرتا ہے، موٹرویز، سڑکیں اور میٹرو بنتی ہیں تو مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوتی ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ کیا وجہ ہے جب مہنگائی نیچے جاتی ہے، روپیہ مستحکم ہوتا ہے اور کاروبار بڑھتا ہے تو (ن) لیگ کا دورہوتا ہے ؟ جس قوم نے بھی ترقی کی جلاؤ گھیراؤ سے نہیں کی، کیا جلاؤ گھیراؤ کی سیاست مہنگائی کم کر سکتی ہے؟ کیا جلاؤ گھیراؤ کی سیاست آپ کو گھر دے سکتی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کے پی جا کر دیکھیں ایسا لگتا ہے 18ویں صدی کا ملک ہے انفرااسٹرکچر تباہ ہے، یہ ہمارا آخری موقع ہے ملک آگے نہ بڑھا تو ترقی خواب رہ جائے گی، مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور ملک اور قوم کی خدمت ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ذہنی مفلوج لوگ نہ خود کام کرتے ہیں نہ دوسروں کو کرنے دیتے ہیں، ہمارے دل میں عوام کا درد ہے لیکن یہ عناصر انتشار چاہتے ہیں، کے پی کے سرکاری وسائل فساد اور انتشار کیلیے خرچ ہو رہے ہیں، بہتر ہوتا یہ لوگ پنجاب پر حملہ آور ہونے کے بجائے عوامی مسائل حل کرتے۔