ہفتہ, اکتوبر 5, 2024
اشتہار

اسلام آباد میں غیرقانونی اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہائیکورٹ کا تحریری حکم نامہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری حکم نامے میں کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں غیرقانونی اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق جسٹس عامر فاروق نے تاجروں کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ یقینی بنایا جائے ایس سی او سمٹ کے دوران احتجاج یا لاک ڈاؤن نہ ہو۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ اور حکومت احتجاج کے لیے مناسب جگہ مختص کرے، مظاہرین انتظامیہ کی جانب سے مختص کردہ جگہ پر جاکر احتجاج ریکارڈ کروائیں۔

- Advertisement -

عدالتی حکم نامے کے مطابق آئین کے آرٹیکل 16 اور 17 عوام کو اجتماع اور نقل و حرکت کے حقوق دیتے ہیں، بنیادی حقوق قانون کے مطابق لگائی گئی مناسب قدغن پر منحصر ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ عدالت کو بتایا گیا ہے کہ ایک جماعت کے کارکنان ریڈ زون کی جانب مارچ کررہے ہیں، بتایا گیا کارکنان کا ریڈزون میں اجتماع دیگر شہریوں کی نقل و حرکت کو منجمد کردے گا۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ حکم دیا جاتا ہے کہ اسلام آباد میں امن برقرار رکھنے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں، عدالت کو بتایا گیا کہ آرٹیکل 245 کے تحت امن کے لیے فوج کو بھی تعینات کیا گیا ہے اور دفعہ 144 بھی نافذ ہے۔

ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں کسی قسم کے بھی احتجاج کی اجازت نہیں دی جاسکتی جبکہ کیس کی آئندہ سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں