اتوار, اکتوبر 6, 2024
اشتہار

پنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والے راستے اور موبائل فون سروس تیسرے روز بھی بند، لوگ گھروں میں محصور

اشتہار

حیرت انگیز

پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والے راستے اور موبائل فون سروس تیسرے روز بھی بند ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق تیسرے روز بھی جڑواں شہروں کو ملانے والے راستے، روڈ، میٹرو بس سروس بند ہونے کے ساتھ پنڈی اور اسلام آباد کے بیشتر کاروباری مراکز بھی بند ہیں۔ آمدورفت اور رابطوں میں تعطل کے باعث لوگوں کے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔
مسلسل تین روز سے راستوں کی بندش کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہیں جب کہ پھل، سبزی، دودھ اور مرغی کے گوشت کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔

مری روڈ 3 روز سے ہر طرح کی ٹریفک کیلیے بند اور وہاں کنٹینرز موجود ہیں۔ فیض آباد پر کنٹینرز موجود اور لیاقت باغ سے فیض آباد تک جگہ جگہ رکاوٹیں ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

- Advertisement -

وفاقی دارالحکومت میں تین روز سے تدریسی عمل بھی متاثر ہے جب کہ پنجاب پولیس جگہ جگہ تعینات ہے اور مختلف شاہراہوں پر تین ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار موجود ہیں۔

مختلف شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ مارگلہ روڈ، نائنتھ ایونیو، ڈی چوک بند ہے۔ سری نگر ہائی وے اور ایکسپریس ہائی وے پر بھی ٹریفک معمول سے بہت کم ہے۔

دوسری جانب اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ اندرون شہر تمام رکاوٹیں اور کنٹینرز ہٹا دے گئے ہیں جب کہ جڑواں شہروں کو ملانے والے روڈ کو کھولنے کی ذمے داری اسلام آباد انتظامیہ کی ہے۔

ڈی سی پنڈی حسن وقار نے کہا کہ اندرون شہر رکاوٹیں ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر میں مجموعی طور پر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔ مری روڈ اور اطراف کے راستے ٹریفک کیلیے کھول دیے گئے اور جلد تمام راستے کھول دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فیض آباد کے مقام پر مری روڈ بند ہے اور اس کو کھولنا اسلام آباد انتظامیہ کا اختیار ہے۔ اس کے علاوہ جڑواں شہروں کو ملانے والے آئی جے پی روڈ، ڈبل روڈ، اسلام آباد ایکسپریس وے اور دیگر اہم پوائنٹس کو کھولنا اسلام آباد انتظامیہ کا اختیار ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں