پیر, اکتوبر 7, 2024
اشتہار

وزیر اعظم کی اسلام آباد پر دھاوے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی اداروں کی تعریف

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے پر اہم بیان دیا ہے کہ کسی کو غیر قانونی طور پر عدم استحکام پیدا نہیں کرنے دیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں دارالحکومت کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی کہ اہم شاہراہیں ٹریفک کیلیے کھول دی گئی ہیں جبکہ صورتحال تیزی سے معمول پر آ رہی ہے۔

وزیر اعظم نے وزیر داخلہ، اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کی ستائش کی اور کہا کہ اسلام آباد پر دھاوے کو ناکام بنانے میں اسلام آباد پولیس، پنجاب پولیس، رینجرز کے دستوں اور فورسز نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

- Advertisement -

شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے کانسٹیبل عبدالحمید شاہ نے عوام کے جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائیں، ان کی قربانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ کانسٹیبل کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ شہباز شریف نے محسن نقوی کو ہدایت کی کہ ان کے اہل خانہ کا مکمل طور پر خیال رکھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی جان و مال کے حفاظت کو یقینی بنایا گیا، صورتحال تیزی سے معمول کی طرف لوٹ رہی ہے، معیشت کی ترقی اور مملکت خداداد کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ سیاسی مخالفین کو پاکستان کی معیشت میں بہتری ہضم نہیں ہو رہی جبکہ دنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی معترف ہے، سیاسی مخالف پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں لیکن کسی کو غیر قانونی طور پر عدم استحکام پیدا نہیں کرنے دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی بین الاقوامی تقاریب معمول کے مطابق ہوں گی جس کیلیے سکیورٹی کے بہترین اور اعلیٰ معیار کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

ملاقات میں وزیر داخلہ نے وزیر اعظم کو سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی واپسی پر بھی بریفنگ دی کہ سری لنکا میں قید 56 پاکستانی قیدی آج وطن واپس پہنچیں گے، عبدالعلیم خان پاکستانی قیدیوں کی واپسی کے اخراجات برداشت کریں گے۔ وزیر اعظم نے وزیر داخلہ اور وزیر نجکاری کی کوششوں کی تعریف کی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں