پشاور: وزیراعلیٰ کےپی علی امین گنڈاپور خیبرپختونخوا اسمبلی پہنچ گئے، علی امین گنڈا پور کی آمد پر ایوان میں نعرے بازی کی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کے گمشدہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کےپی اسمبلی پہنچ گئے، وزیراعلیٰ علی امین اچانک اسمبلی میں داخل ہوئے، اس موقع پر ارکان اسمبلی نےعلی امین گنڈاپور کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے خیبر پختونخوا اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ مجھے اپنے ہاؤس پر فخر ہے، پاکستان کےعوام کو سلام پیش کرتا ہوں کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اس سے قبل کے پی اسپیکر نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے، اسپیکر نے صوبائی اسمبلی کے دیگر ارکان کے بھی پروڈکشن آرڈرجاری کیے
اسپیکر نے پروڈکشن آرڈر اور آئین کے آرٹیکل 165 اے پر ایڈووکیٹ جنرل سے رائےلی تھی، ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے پروڈکشن آرڈر سے متعلق ایوان کو بریفنگ بھی دی تھی۔
ایڈووکیٹ جنرل کےپی کا کہنا تھا کہ سندھ سے صوبائی ممبرز کو پنجاب حکومت نے اٹھایا تھا، لاہور ہائیکورٹ کے آرڈر آئے تھے کہ پروڈکشن آرڈر کا اطلاق ہرجگہ ہوتا ہے، اسپیکر ایک ہی وقت میں سب کو پروڈکشن آرڈر جاری کرسکتے ہیں۔
اے جی کےپی نے مزید کہا کہ قانون کہتا ہے کہ اسپیکر 165 اے کے تحت پروڈکشن آرڈر جاری کرسکتے ہیں، عبدالسلام آفریدی نے وزیراعلیٰ اور دیگرارکان کے پروڈکشن آرڈرجاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔