پیر, اکتوبر 7, 2024
اشتہار

7 اکتوبر کا حملہ اسرائیل کے خاتمے کا باعث بنے گا، حماس رہنما خالد مشعل کا ویڈیو پیغام

اشتہار

حیرت انگیز

اسرائیل پر حماس کے تباہ کن حملے کا ایک سال مکمل ہونے پر حماس رہنما خالد مشعل نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7 اکتوبر کا یہ حملہ اسرائیل کے خاتمے کا باعث بنے گا۔

حماس کے رہنما خالد مشعل نے اس بات پر زور دے کر کہا کہ سات اکتوبر کے حملوں کے نتائج کئی سالوں تک محسوس کیے جائیں گے اور آخرکار یہ اسرائیل کے ’غائب‘ ہونے میں اپنا کردار ادا کر جائیں گے۔

خالد مشعل نے ان حملوں کو ’’طوفان الاقصىٰ‘‘ کے نام سے تعبیر کیا اور انھیں صہیونی وجود کی تاریخ کا ایک تباہ کن لمحہ قرار دیا، انھوں نے کہا کہ اس واقعے کے اثرات ایک ’سیاہ نشان‘ چھوڑیں گے اور اسرائیل کے انخلا کے آغاز بنیں گے۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا کہ طوفان الاقصیٰ نے مسئلہ فلسطین کو زندہ کر دیا اور عرب قوم کو متحد کر دیا ہے، خالد مشعل نے عسکری اور سیاسی دونوں محاذوں پر کارروائی پر زور دیتے ہوئے پوری عرب دنیا میں مزاحمت کے نئے محاذ کھولنے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے اصرار کیا کہ عالمی برادری کو عالمی فورمز پر اسرائیل کو جواب دہ ٹھہرانا چاہیے۔

انھوں نے کہا جیت ہماری ہوگی، شکست اسرائیل کا مقدر بنے گی، سات اکتوبر 2023 کو جو ہوا وہ اسرائیلی مظالم کا فطری رد عمل تھا اس سے دنیا ایک بار پھر تنازع کی جانب متوجہ ہوئی۔ خالد مشعل نے کہا مسئلے کی اصل جڑ فلسطین پر قبضہ ہے، اسرائیل دشمن ہے، اسے فلسطین سے نکلنا ہوگا۔

حماس رہنما کا کہنا تھا کہ اسرائیل اب تک امریکا کی مدد سے ہی لڑتا آیا ہے، امریکا اسرائیل کو بلین ڈالر کی امداد اور ہتھیار فراہم کر رہا ہے، امریکی صدر جو بائیڈن اور ان کی انتظامیہ نیتن یاہو کے سامنے بے بس ہے۔ اب دنیا بھی سمجھ چکی ہے کہ اسرائیل خطے میں جنگ کی آگ پھیلا رہا ہے۔

انھوں نے کہا حماس جنگ بندی کے لیے ہمیشہ کوشاں ہے، صدر بائیڈن کی تجویز کردہ معاہدے کی حمایت کرتے ہیں، لیکن بد قسمتی سے معاہدہ نہ ہونے کا الزام حماس پر لگا کر امریکا منافقت کا مظاہرہ کر رہا ہے، جب کہ امریکا بند کمروں میں تسلیم کرتا ہے کہ نیتن یاہو جنگ بندی کی کوششوں کو ضائع کر رہا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں