راولپنڈی : سیکیورٹی وجوہات کے باعث اڈیالہ جیل میں اٹھارہ اکتوبرتک ہرقسم کی ملاقاتوں پرپابندی عائد کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں اٹھارہ اکتوبر تک ہر قسم کی ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی گئی۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے ملاقاتوں پر پابندی سیکیورٹی وجوہات کے باعث لگائی گئی ہے، بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنما، وکلا اور فیملی کی ملاقات پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
ایس سی او اجلاس کیلئے جڑواں شہروں میں سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ملاقاتوں پر پابندی کا فیصلہ پنجاب حکومت نے کیا ہے۔
جیل ذرائع نے بتایا کہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی کا اطلاق عام قیدیوں پر بھی ہوگا۔
دوسری سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر بانی پی ٹی آئی کے کیسز کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرنے کیلئے درخواستیں دے دی، محکمہ داخلہ پنجاب کا آئی جی جیل اورسپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کو لکھا گیا خط بھی منسلک ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ چھے اکتوبر کو محکمہ داخلہ پنجاب کا خط موصول ہوا، جس میں جیل کی سیکیورٹی سے متعلق اضافی اقدامات کی ہدایت کی گئی، سیکیورٹی تھریٹس کے پیش نظر اڈیالہ کے اندر اور اطراف میں سیکیورٹی بڑھانی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر سیکیورٹی مشقیں کرنی ہیں۔
درخواست میں استدعا کی کہ ایک سو نوے ملین پاؤنڈ، توشہ خانہ ٹو، نو مئی کیسز کی سماعتیں آئندہ ہفتہ تک ملتوی کی جائیں، اڈیالہ جیل میں اکیس سو قیدیوں کی گنجائش ہے لیکن آٹھ ہزار قیدی ہیں، ان میں دہشت گردی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث قیدی کے علاوہ اہم سیاسی قیدی بھی ہیں۔